اردو خبر دنیا

پاکستان : الیکشن کمیشن نے قومی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے دو دن کی توسیع کر دی

الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے عمران خان اور نواز شریف کو انتخابی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے اضافی وقت مل گیا ہے۔ ای سی پی کے مطابق آٹھ فروری 2024 کو پولنگ تک باقی کے انتخابی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

پاکستان میں الیکشن کمیشن نے قومی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آج جمعے کے روز تک دی گئی ڈیڈ لائن میں دو دن کی توسیع کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے سابق وزرائے اعظم عمران خان اورنواز شریف کو انتخابی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے اضافی وقت مل گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ترجمان کی طرف سےجاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، ”سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سہولت کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔‘‘ای سی پی نے کہا کہ 8 فروری 2024 کو پولنگ تک باقی کے انتخابی شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

عمران خان اور نواز شریف اعلان کر چکے ہیں کہ وہ عدالتی سزاؤں کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کے باوجود اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ دونوں اعلیٰ عدالتوں سے ریلیف کے منتظر ہیں، جو انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی مجاز ہیں۔ عمران خان بدعنوانی سے لے کر ریاستی راز افشا کرنے تک کے متعدد الزامات کا سامنا کرتے ہوئے بدستور جیل میں ہیں۔

جمعے کے روز علیٰ الصبح اپنے وکیل کے ذریعے دیے گئے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں کو گرفتار کرکے انہیں ہراساں کرنے کے لیے ان کے کاغذات نامزدگی چھیننے کی”زبردستی اور وحشیانہ کوششیں” کی جارہی ہیں۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات اس کے کچھ امیدواروں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے الزامات پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

عمران خان نے خبردار کیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا فقدان سیاسی عدم استحکام کا باعث بنے گا، جس کے نتیجے میں، پہلے سے ہی 350 بلین ڈالر حجم کی معیشت کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی آئی ایم ایف کے پرگرام کے لیے حمایت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سے مشروط ہے۔ ای سی پی اتوار تک کاغذات نامزدگی قبول کرے گا، تاہم ان انتخابات میں حصہ لینے کے اہل امیدوراروں کی حتمی فہرستیں کاغزات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور ان کے خلاف اپیلوں کے عمل کے بعد 11 جنوری کو جاری کی جائیں گی۔